اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے واٹس ایپ ویب، ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشن اور ای میل کے ذریعے ممکنہ سائبر حملوں کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے
۔ حکام نے سرکاری افسران اور حساس معلومات تک رسائی رکھنے والے افراد کو خاص طور پر محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔واٹس ایپ دنیا بھر میں پیغامات اور رابطوں کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے، تاہم آن لائن سکیورٹی میں معمولی کوتاہی بھی صارفین کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔ سائبر مجرم مختلف حربوں کے ذریعے اکاؤنٹس ہیک کرنے اور صارفین کی نجی معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ماہرین کے مطابق ڈیجیٹل معلومات کے تحفظ کے لیے انٹرنیٹ استعمال کرتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔ صارفین کو چاہیے کہ وہ مشکوک لنکس کھولنے، غیر معروف ذرائع سے فائلیں ڈاؤن لوڈ کرنے اور غیر مصدقہ ای میلز میں دی گئی ہدایات پر عمل کرنے سے اجتناب کریں۔واٹس ایپ ویب یا ڈیسک ٹاپ استعمال کرنے والوں کو اپنے اکاؤنٹ سے منسلک ڈیوائسز کا وقتاً فوقتاً جائزہ لینا چاہیے۔
اگر فہرست میں کوئی غیر مانوس ڈیوائس نظر آئے تو اس سے فوری طور پر لاگ آؤٹ کرنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ اکاؤنٹ کو مزید محفوظ بنانے کے لیے ٹو اسٹیپ ویریفکیشن (Two-Step Verification) کا فیچر بھی فعال رکھنا چاہیے۔صارفین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کی سکیورٹی کو مضبوط بنائیں، محفوظ پاس ورڈز استعمال کریں اور اہم یا خفیہ معلومات شیئر کرتے وقت احتیاط سے کام لیں، تاکہ ممکنہ سائبر حملوں اور ڈیٹا چوری کے خطرات کو کم کیا جاسکے۔



















































