اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) مختلف میسجنگ ایپس کے ذریعے روزانہ بڑی تعداد میں پیغامات بھیجے جاتے ہیں، تاہم کئی مرتبہ صارفین کو ایسا میسج موصول ہوتا ہے
جسے بھیجنے والا بعد میں ڈیلیٹ کردیتا ہے۔ ایسی صورت میں عام طور پر نوٹیفکیشن تو موصول ہوجاتا ہے لیکن ایپ کھولنے پر پیغام موجود نہیں ہوتا۔اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز میں ایک ایسا فیچر موجود ہے جس کے ذریعے بعض صورتوں میں ڈیلیٹ کیے گئے پیغام کا متن دوبارہ پڑھا جاسکتا ہے۔ اس سہولت کو نوٹیفکیشن ہسٹری کا نام دیا گیا ہے، جس میں فون پر موصول ہونے والے مختلف الرٹس محفوظ رہتے ہیں۔نوٹیفکیشن ہسٹری میں میسجنگ ایپس کے پیغامات کے علاوہ دیگر ایپس، ای میلز اور مختلف نوٹیفکیشنز کا ریکارڈ بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موصول ہونے والے الرٹس تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔اس آپشن کو فعال کرنے کے لیے اینڈرائیڈ فون کی Settings میں جائیں اور Notifications منتخب کریں۔ اس کے بعد Notification History یا Manage Notification History کے آپشن پر جاکر اسے فعال کردیں۔
اگر یہ آپشن تلاش کرنے میں دشواری ہو تو سیٹنگز کی سرچ بار میں ’’Notification History‘‘ لکھ کر بھی اسے تلاش کیا جاسکتا ہے۔نوٹیفکیشن ہسٹری کا ایک اور فائدہ یہ ہے کہ صارف یہ بھی دیکھ سکتا ہے کہ کون سی ایپس مسلسل غیر ضروری نوٹیفکیشنز بھیج رہی ہیں۔تاہم اس فیچر کی کچھ حدود بھی ہیں۔ نوٹیفکیشن ہسٹری میں محفوظ ریکارڈ عموماً 24 گھنٹے تک دستیاب رہتا ہے، جس کے بعد وہ ختم ہوجاتا ہے۔ اسی طرح صرف وہی پیغامات دیکھے جاسکتے ہیں جن کا نوٹیفکیشن فون پر موصول ہوا ہو۔اگر کسی چیٹ یا ایپ کے نوٹیفکیشنز پہلے سے خاموش (Mute) کیے گئے ہوں تو اس کے پیغامات نوٹیفکیشن ہسٹری میں ظاہر نہیں ہوں گے۔ مزید یہ کہ بہت طویل پیغامات کا مکمل متن بھی محفوظ نہیں ہوتا بلکہ بعض اوقات صرف چند ابتدائی سطریں ہی دکھائی دیتی ہیں۔



















































