اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آٹے کی قیمتوں میں مسلسل بڑھوتری نے گوجرانوالہ اور پسرور کے عوام کو سخت پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، جس کے باعث روزمرہ استعمال کی یہ بنیادی خوراک عام شہریوں، خصوصاً غریب اور متوسط طبقے کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے۔گوجرانوالہ کی مقامی منڈیوں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 1250 سے 1280 روپے تک فروخت ہو رہا ہے، جبکہ 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1850 سے 1900 روپے تک جا پہنچی ہے۔ اس کے برعکس 20 کلو آٹے کا تھیلا مارکیٹ میں دستیاب ہی نہیں رہا۔
حکومتی نرخوں کے مطابق 10 کلو آٹے کی سرکاری قیمت 905 روپے اور 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1810 روپے مقرر کی گئی ہے، تاہم مارکیٹ میں ان نرخوں پر عملدرآمد ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ادھر پسرور میں بھی صورتحال مختلف نہیں، وہاں 15 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 1900 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ کریانہ دکانوں پر آٹا فی کلو 130 روپے میں دستیاب ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔















































