لاہور (این این آئی) پنجاب بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا ،گزشتہ 3ہفتوں میں 8لاکھ 80ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کے احکامات پر صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کی سہولیات جاری ہیں ، گزشتہ 3ہفتوں میں 8لاکھ 80ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے ۔صوبہ بھر میں 3لاکھ 10ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس بنوائے ،2لاکھ 80ہزار سے زائد شہریوں نے فریش ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بنوائے،2لاکھ 78ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ ریگولر اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید کروائی،2ہزار سے زائد شہریوں نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کیے ،25ہزار سے زائد شہریوں نے گھر بیٹھے آن لائن لائسنسنگ پورٹل سے استفادہ کیا۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے،بغیر لائسنس ڈرائیورز کو بھاری جرمانوں اور سخت قانونی کاروائی کا سامنا ہے، سیکھ کر گاڑی چلانے والوں کی وجہ سے پنجاب میں حادثات میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس شہریوں میں لائسنس کی افادیت کے شعور کو اجاگر کررہی ہے،ڈرائیونگ لائسنس بننے کی فوری بعد شہری موبائل میں ای ڈرائیونگ لائسنس ڈائون لوڈ کریں،ای ڈرائیونگ لائسنس کی اہمیت ڈرائیونگ لائسنس کارڈ کے برابر ہے ۔ شہری ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے خدمت مراکز لائسنسنگ سینٹر اور آن لائن پورٹل کا استعمال کریں۔















































