اسلام آباد(این این آئی)پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تیل و گیس اور معدنیات کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوگیا جبکہ برطانیہ نے جیولوجیکل سروے کیلئے 400ملین ڈالر معاونت کی پیشکش بھی کی ہے۔یہ پیش رفت وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات میں سامنے آئی۔ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تیل و گیس اور معدنیات کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ برطانیہ نے جیولوجیکل سروے آف پاکستان کی استعداد کار بڑھانے کیلئے 400ملین ڈالر معاونت کی پیشکش بھی کی۔
وزیر برائے پیٹرولیم نے کہا کہ برٹش جیولوجیکل سروے اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے درمیان تعاون سے پاکستان کے منرل شعبے میں ترقی ہو گی۔وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں ادارہ جاتی استعداد بڑھانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر نے جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ملاقات میں اوگرا کی تنظیم نو کیلئے تشخیصی جائزے پر مشترکہ غور کیا گیا جبکہ وفاقی وزیر نے آف شور تیل و گیس تلاش میں برطانوی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ برطانوی کمپنیاں پاکستانی سرکاری اداروں کے ساتھ شراکت کر سکتی ہیں، پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 8تا 9اپریل منعقد کیا جائے گا۔برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم متاثر کن تھا۔














































