اسلام آباد (این این آئی)عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر میں 3 ارب سے زائد افراد کے دماغی مسائل کا شکار ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال 1کروڑ 10لاکھ سے زائد افراد ان بیماریوں کی وجہ سے ہلاک ہو جاتے ہیں۔ادارے نے بتایا کہ دنیا کے صرف 63 ممالک میں نیورولوجیکل بیماریوں کے لیے قومی پالیسی موجود ہے، جب کہ صرف 34 ممالک میں ان بیماریوں کیلئے مخصوص فنڈنگ فراہم کی جاتی ہے، یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ دماغی صحت کے مسائل کے لیے عالمی سطح پر مربوط اور مثر اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ نیورولوجیکل بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج ممکن ہیں، لیکن غریب اور دیہی علاقوں میں صحت کی سہولتوں کی کمی، مالی مشکلات اور سماجی بدنامی کی وجہ سے لوگ علاج سے محروم رہ جاتے ہیں۔ڈبلیو ایچ او کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل جیریمی فیرر نے کہا کہ دنیا بھر میں ایک تہائی سے زائد افراد دماغی صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، ہمیں ان کی صحت کیلئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے۔
ادارے نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نیورولوجیکل بیماریوں کیلئے تحقیق اور علاج کے وسائل کی کمی، خاص طور پر کم آمدنی والے ممالک میں، سنگین مسئلہ ہے۔جیریمی فیرر نے کہا کہ کم آمدنی والے ممالک میں نیورولوجسٹ کی تعداد زیادہ امیر ممالک کے مقابلے میں 80گنا کم ہے، جس کے باعث مریض بروقت علاج اور دیکھ بھال کی سہولت سے محروم رہ جاتے ہیں۔انہوں نے عالمی سطح پر دماغی صحت کے مسائل کو ترجیح دینے اور نیورولوجیکل دیکھ بھال کو بڑھانے کے لیے فوری، شواہد پر مبنی اور مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔