اسلام آباد (این این آئی)سیکرٹری پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن خواجہ عاطف نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔اپنے بیان میں خواجہ عاطف نے کہا کہ راستے بند ہونے سے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی متاثر ہو رہی ہے، یہی صورت حال رہی تو معاملات سنگین ہوسکتے ہیں۔
سیکریٹری پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ لاہور میں پیٹرولیم مصنوعات کی روز کی کھپت 50 لاکھ لیٹر سے زائد ہے، لاہور کے کچھ پیٹرول پمپس پر پیٹرول کا اسٹاک کم ہے تاہم ختم نہیں ہوا۔انہوںنے کہاکہ پنجاب بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی روزانہ کھپت 5 کروڑ لیٹر کے قریب ہے۔خواجہ عاطف نے کہا کہ کوشش کر کے پیٹرول پمپوں تک تیل پہنچایا جا رہا ہے، حکومت راستے کھولے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بحال ہو سکے۔دوسری جانب اوگرا کے ترجمان نے کہا ہے کہ تیل سپلائی سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے میں ہیں، تیل سپلائی میں بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔