کراچی(این این آئی) آئی ایم ایف بورڈ اجلاس میں پاکستان کے لیے 1.1ارب ڈالر کی آخری قسط کی منظوری کے انتظار اور اگلے پروگرام کے حصول تک مانیٹری پالیسی میں سخت رہنے کے خدشات کے باعث پیر کو انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی نسبت ڈالر کی قدر مستحکم جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں قدرے اضافہ ہوا۔انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ صرف 01پیسے کے اضافے سے 278روپے 39پیسے کی سطح پر بند ہوئے، اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 09پیسے کے اضافے سے 279روپے 68پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
ماہرین کے مطابق مارچ میں کرنٹ اکائونٹ سرپلس ہونے، افراط زر کی شرح میں کمی کے سبب جون یا جولائی تک انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 278 اور 279روپے کے درمیان مستحکم رہنے کے امکانات ہیں تاہم آئی ایم ایف کے نئے قرض پروگرام میں شمولیت اور نئے وفاقی بجٹ کے اعلان کے بعد ڈالر کی نسبت پاکستانی روپے کی قدر نئی سمت کا تعین ہوگا۔امکان ہے کہ جولائی کے اختتام تک نئے انفلوز سے زرمبادلہ کی مارکیٹوں میں ڈالر کی سپلائی میں اضافہ ہوگا جو ڈالر کے مقابلے میں روپے کو تگڑا کرنے کا باعث بنے گا۔