کراچی(این این آئی)انٹر بینک مارکیٹ میں جمعہ کو ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 279 روپے 69 پیسے کی سطح پر مستحکم رہی۔انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 30 پیسے کی کمی سے 278 روپے 18 پیسے اور بعدازاں 2 پیسے کے اضافے سے 278 روپے 50 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔
لیکن سپلائی میں بہتری کے باعث کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 10 پیسے کی کمی سے 278 روپے 38 پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔اسکے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 279 روپے 69 پیسے کی سطح پر ہی مستحکم رہی۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے درآمدی نوعیت کی ادائیگیوں کے دباو سے ڈالر کی ڈیمانڈ بڑھنے سے اسکی قدر میں معمولی نوعیت کے اضافے کا رحجان رہا جو مثبت معاشی اشاریوں اور آنے والے دنوں میں نئے انفلوز کی آمد کی توقعات پر جمعہ کو رک گیا۔