کراچی(این این آئی)کراچی گولڈ بلین ایکس چینج نے سونے کے نرخ جاری کرنے کا اعلان کردیا، جہاں بولین مارکیٹ ہے وہیں سے نرخ جاری ہوںگے،قیمتوں میں فرق سے کاروباری افراد کو نقصان ہوتا ہے، چیئرمین کراچی گولڈ بلین ایکس چینج اور سربراہ آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز قاسم شکار پوری کا ردعمل ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی گولڈ بلین ایکس چینج نے سونے کے نرخ یومیہ بنیادوں پر جاری کرنے کا اعلان کردیا ۔اس موقع پر چیئرمین کراچی گولڈ بلین ایکس چینج اور آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے سربراہ حاجی قاسم شکار پوری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں سونے کے نرخوں کا تعین بلین مارکیٹ کرتی ہے اور وہیں سے ریٹ جاری کیے جاتے ہیں لیکن ہمارے یہاں سونے کی بلین مارکیٹ کے بجائے جو نرخ جاری کیے جاتے ہیں وہ صرافہ مارکیٹوں کے ریٹ ہوتے ہیں جو گولڈ بلین سے الگ ہیں جس سے فروخت کنندہ کو نقصان ہوتا ہے، جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے اب کراچی بلین ایکس چینج خود سونے کے ریٹ جاری کرے گا اور گولڈ کے حوالے سے ہونے والی سرمایہ کاری اور مارکیٹ کے اتار چڑائو کے حوالے سے دیگر تمام ڈیٹا بھی جاری کیے جائیں گے تاکہ لوگوں کو آگاہی ہو سکے ۔
قاسم شکار پوری نے کہا کہ گولڈ مارکیٹ کسی بھی ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے ملکی معیشت کا اندازہ بھی ملک میں چلنی والی تمام ایکس چینج اداروں سے ہی لگا یا جاتا ہے، کراچی اسٹاک ایکس چینج ہو یا کاٹن ایکس چینج ہو جہاں خرید وفروخت ہوتی ہے وہی ادارہ جو کاروباری اعداد شمار جاری کرتا ہے قابل عمل اور قابل یقین ہوتے ہیں ، ہم چاہتے ہیں لوگوں کوگولڈ مارکیٹ کے حوالے سے بہتر آگاہی فراہم کریں ، کاروباری برادری کی جانب سے کراچی بلین ایکس چینج کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر ریٹ جاری کرنے کے اقدامات کو بے حد سراہایا جارہا ہے۔