لاہور( این این آئی)چین نے پاکستان کو آفات سے پیشگی آگاہی، آفات کے بعد کی تعمیر نو اور تعمیر نو کے منصوبے بنانے میں اپنے تجربات کے اشتراک میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے ڈائریکٹر لوچاو ہوئی نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے آن لائن ملاقات کے دوران کہا کہ اگلے مرحلے میں چین سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو میں پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہے اور اپنے تجربے اور تکنیکی معاونت کے لئے تیار ہے ۔ماضی میں چین کو زلزلوں، سیلابوں، خشک سالی، آگ، ٹائفون، برفانی طوفان اور وبائی امراض کا بہت زیادہ خطرہ رہا ہے اور اس نے طویل عرصے سے قدرتی آفات سے پیشگی آگاہی اور ان سے نمٹنے میں کامیاب تجربات کئے ہیں۔تیز رفتار اقتصادی ترقی اور بدلتی ہوئی آب و ہوا کے پس منظر میں جس سے منفی قدرتی واقعات کی تعدد اور شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے چین خطرے کو کم کرنے اور ناگزیر حالات کے لیے تیاری کر رہا ہے اور اس نے تخلیقی طریقوں سے آفات پر ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے۔