لاہور( این این آئی)انکم ٹیکس، ٹوکن ٹیکس، ٹال ٹیکس سمیت دیگر ٹیکسز میں اضافے کیخلاف لاہور سمیت ملک بھر پبلک ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی ، مسافروں نے ٹرینوں کا رخ کر لیا تاہم ٹرینیں کئی کئی گھنٹے لیٹ ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات درپیش ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت ملک بھر میں ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی جس کی وجہ سے دوسرے اضلاع اور صوبوں میں جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہڑتال کے باعث تمام بس اسٹینڈز پر ہو کا عالم رہا ۔ نیازی ایکسپریس 99اس ہڑتال میں شامل نہیں اور اس کی ٹرانسپورٹ چل رہی ہے ۔ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ایک سیٹ پر 3 سو روپے سے بڑھا کر 4 ہزار اور 8 ہزار روپے ٹیکس عائد کر دیا گیا جبکہ دیگر ٹیکسز اس کے علاوہ ہیں ۔ ٹرانسپورٹ انڈسٹری سے ہزاروں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے لیکن ہمارے اوپر مسلسل بوجھ بڑھایاجا رہا ہے جس سے کاروبار چلانا محال ہو گیا ہے ۔جب تک مطالبات تسلیم نہیں کئے جائیں گے ٹرانسپورٹ کو کھڑ ارکھیں گے اور داخلی اور خارجی راستوں کی بھی بندش کر دی جائے گی۔دوسری جانب مسافروں نے ٹرینوں کا رخ کر لیا ہے تاہم مسافر ٹرینوں کی آمد و رفت میں کئی کئی گھنٹے تاخیر ہو رہی ہے جس کی وجہ سے مسافروںکی مشکلات کم نہیں ہو سکی ۔