مکوآنہ (این این آئی )فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ملازمین کوایک بنیادی تنخواہ کے برابرعید بونس اور گریڈ ایک تا 19کے افسران و ملازمین کو 15فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس کی منظوری دے دی۔اس سلسلہ میں ڈائریکٹر جنرل ایڈمن اطہر ایوب چوہدری نے باقاعدہ نوٹیفکیشنز جاری کر دیے ہیں۔
چیئرمین فیسکو بورڈ نے ملازمین کو ڈسپیرٹی الاؤنس اوربونس کی ادائیگی عید سے قبل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ یہ بونس ملازمین کی ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ کے برابر دیا جائے گا۔یہ بونس فیسکو افسران و ملازمین کی فیسکو ریجن کے47لاکھ سے زائد صارفین کو ماہ رمضان میں بہترین خدمات اورکرونا وباء کے دوران بجلی کی بلاتعطل سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے دیاجا رہا ہے۔علاوہ ازیں فنانس ڈویڑن حکومت پاکستان کے اعلامیہ کی روشنی میں فیسکو بورڈ نے ملازمین کو15فیصد ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس دینے کی منظوری بھی دے دی۔یہ الاؤنس سکیل 1 تا 19 کے افسران و ملازمین کو یکم مارچ 2022سے دیا جائے گا۔بونس اورڈسپیرٹی الاؤنس کی منظوری پر فیسکو افسران و ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا شکریہ ادا کیا ہے۔چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزسیدحسنین حیدر نے کہا ہے کہ فیسکو بورڈ صارفین و ملازمین کی فلاح و بہبود اور ان کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔کسٹمر سروسز پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور انہیں سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی سے مزین کیاجارہا ہے۔فیسکوملازمین کمپنی کو مزید منافع بخش بنانے اور صارفین کو بہترین سروسز مہیاکرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار اداکریں اورریکوری و لاسز کے دئیے گئے اہداف کو مکمل کریں۔