لاہور( این این آئی)پاکستان کی برآمدات میں رواں سال جولائی میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں سال جولائی میں پاکستانی برآمدات میں 16.94 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اسی ماہ 2 ارب 34 کروڑ ڈالر کی مصنوعات برآمد ہوئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق ٹیکسٹائل کی
برآمدات میں 15.61 فیصد، چاول 7.39 فیصد اور پھل کی برآمدات میں 15.46 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ دوسرے شعبہ جات جن کی مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا، ان میں انجینئرنگ مصنوعات، آٹو پارٹس، سوتی دھاگہ، کپڑے، ریڈی میڈ گارمنٹس، نیٹ ویئر، بیڈ ویئر، سبزیاں، چمڑے کی مصنوعات، کینوس فٹ، ٹرانسپورٹ کا سامان، فرنیچر اور کیمیکلز شامل ہیں۔جولائی میں ٹیکسٹائل کی برآمدات 15.61 فیصد اضافے سے 1 ارب 47 کروڑ ڈالر، غذائی اشیا ئ7.40 فیصد اضافے سے 33 کروڑ 77 لاکھ ڈالر، مینوفیکچرنگ مصنوعات 18.85 فیصد اضافے سے 32 کروڑ 87 لاکھ ڈالر اور چمڑے کی مصنوعات 12.70 فیصد اضافے سے سوا 6 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں ڈھائی گنا اضافے کے ساتھ حجم 2 کروڑ 94 لاکھ ڈالر رہا۔دستاویز کے مطابق جولائی میں مچھلی کی برآمدات میں 47.79 فیصد، تمباکو 56.97 فیصد، اور مصالحہ جات کی برآمدات میں 38.64 فیصد کمی ہوئی ہے۔ دوسری مصنوعات جن کی برآمدات میں کمی ہوئی ہے ان میں گڑ، ٹینٹ، فٹ بال، گلوز، سیمنٹ، کٹلری، چمڑے کے جوتے، الیکٹرک پنکھے اور قیمتی پتھر شامل ہیں۔