اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی حکومت نے پاکستانی تاجر جابر موتی والا کے اخراج کی درخواست واپس لے لی ۔روزنامہ جنگ میں مرتضیٰ علی شاہ کی شائع خبر کے مطابق جنگ اور جیو نے 19 مارچ کواپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ ایف بی آئی کے ایک سابق ایجنٹ نے اعتراف کیا ہے کہ ایف بی آئی کے
حکام نے اسے پاکستانی تاجر جابر موتی والا کو ہر حال میں پھنسانے کا حکم دیا تھا، جس پر اس نے ان کے خلاف جھوٹے الزامات عائد کردیئے تھے۔ یہ رپورٹر اس بات کی تصدیق کرسکتا ہے کہ امریکی انتظامیہ نے برطانوی حکومت کو اخراج کی درخواست واپس لینے کی تحریری اطلاع دیدی ہے اور اس طرح اب موتی جابر والا کے خلاف کوئی مقدمہ باقی نہیں رہا اور پراسیجریل معاملات کے علاوہ اب وہ آزاد شہری ہیں۔ رابطے پر کرائون پراسیکیوشن نے اس کی تصدیق کی ہے۔ CPS کا کہناہے کہ امریکہ نے اخراج کی درخواست واپس لے لی ہے، اس لئے اب ہم غیرمشروط ضمانت کے فیصلے کے حوالے سے کوئی اپیل نہیں کریں گے۔ ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کورٹ، جس نے موتی والا کے اخراج کے احکامات دیئے تھے، بتایا کہ 7 اپریل کو درخواست دی گئی ہے۔ ہوم آفس نے عدالت کو مطلع کیا ہے کہ امریکہ اخراج کی درخواست لے سکتا ہے۔