لاہور( این این آئی)گاڑیاں بنانے والی کمپنی پروٹون پاکستان نے اپنی 1300 سی سی والی بی کٹیگری سیڈان کار ساگا کی تینوں اقسام کی قیمتوں کا اعلان کردیا۔کمپنی کے اعلان کے مطابق مینول گیر سسٹم والی ساگا ایم ٹی کی قیمت 19 لاکھ 70 ہزار روپے رکھی گئی ہے جبکہ آٹومیٹک کار ساگا اے ٹی
کی قیمت 21 لاکھ 20 ہزار روپے ہوگی۔ تیسری اور سب سے بہتر قسم والی گاڑی ساگا ایس ہے جس کی قیمت 22 لاکھ 20 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔20 لاکھ روپوں سے کم قیمت ہونے کی بنیاد پر اس کی قسم ساگا ایم ٹی کو پاکستان میں سب سے سستی سیڈان قرار دیا جارہا ہے۔ کمپنی کی جانب سے اس ماڈل کی بکنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔اب تک کی سب سے سستی سیڈان یعنی ایک علیحدہ ڈکی والی کار چنگان ایلسون کی پاکستان میں فروخت جاری ہے جس کی سب سے ارزاں قسم 22 لاکھ روپے کی ہے۔ یہ بھی ایک مینول سیڈان کار ہے۔پاکستان میں ایف اے ڈبلیو آٹو موبائلز بنانے والی کمپنی الحاج نے ملائیشیا کی گاڑیاں بنانے والی معروف کمپنی پروٹون سے اشتراک کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق وہ ہر سال 25 ہزار گاڑیاں تیار کرنے کی پیداواری گنجائش رکھتی ہے۔پروٹون پاکستان کا مذکورہ 3 ویریانٹس کے علاوہ اپنی ایک اور سیڈان کار 1332 سی سی ساگا آر تھری بھی فروخت کرنے کا ارادہ ہے تاہم مذکورہ ماڈل کی صرف 100 گاڑیاں ہی بیچی جائیں گی جس کے خریداروں کا فیصلہ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔ اس گاڑی کی مینول قسم کی قیمت 21 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ آٹومیٹک کار کی قیمت 24 لاکھ 50 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی ویب سائٹ پر اس گاڑی کی بکنگ کی جاسکے گی جس کے 10 دن بعد قرعہ اندازی کے ذریعے 100 افراد کو وہ گاڑیاں بیچی جائیں گی۔