کراچی(این این آئی)ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف اسٹیٹ بینک کے ذریعے پاکستان پر اپنا تسلط چاہتا ہے،اگر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کوسیاہ سفید کا مالک بنادیا گیا تو اس سے ملک کی سالمیت کو خطرہ ہوگا پاکستان کے پاس فوج تو کیا پولیس کوبھی تنخواہ دینے کے لیے سرمایہ نہیں ہوگا۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر قیصر بنگالی نے کہاکہ اسٹیٹ بینک کی
پاکستان میں مجوزہ آزادی کی مثال جدید دور میں کہیں نہیں ملتی، اس طرح کی آزادی ترکی میں مرکزی بینک کو دی گئی جس کا نتیجہ سلطنت عثمانیہ ٹوٹنے کی شکل میں نکلا، ترکی میں مرکزی بینک نے سلطنت عثمانیہ کو مالی لحاظ سے بے اختیار کردیا اور جس کے نتیجے میں سلطنت عثمانیہ ٹوٹ گئی کیونکہ حکومت کے پاس اخراجات کے لیے پیسہ نہیں تھا۔انہوں نے کہاکہ ترکی کی فوج کے پاس جنگ لڑنے کے لیے سرمایہ نہیں تھا کیونکہ وہاں بھی مرکزی بینکوں کو اس طرح بااختیار کردیا گیا تھا، سلطنت عثمانیہ سرمائے کی قلت کی وجہ سے اندرونی بغاوتوں پرقابو نہ پاسکی اور زوال کا شکار ہوگئی۔قیصر بنگالی کے مطابق اگر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو بھی اسی طرح سیاہ سفید کا مالک بنادیا گیا تو اس سے ملک کی سالمیت کو خطرہ ہوگا پاکستان کے پاس فوج تو کیا پولیس کو تنخواہ دینے کے لیے سرمایہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے تمام اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ جمہوریت کی بقا کے لیے اپنی جدوجہد کا رخ عالمی مالیاتی اداروں کی جانب موڑ دیں جو اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کی آڑ میں پاکستان پر اپنا تسلط قائم رکھنا چاہتی ہیں۔