لاہور(این این آئی) ڈبہ پیک دودھ بنانے والی ملٹی نیشنل کمپنیوں نے قیمتوں میں 5 سے 10روپے فی لٹر کا اضافہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈبہ پیک دودھ بنانے والی ملٹی نیشنل کمپنیوں نے قیمتوں میں 5 سے 10روپے فی لٹر کا اضافہ کردیا۔ ڈبے والا دودھ اب لاہوریوں کو 160روپے
فی لٹر میں دستیاب ہوگا۔دوسری جانب ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح0.57 فیصد کمی سے13.48 فیصد پر آگئی ،ایک ہفتے میں گھی سمیت 26 اشیا ئے ضروریہ مہنگی ،7 اشیا ء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 18 میں استحکام رہا۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت ایک روپے 68 پیسے سے98 روپے 36 پیسے پر پہنچ گئی ،ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں بھی2 روپے 6 پیسے اضافہ ہوا ،آلو کی فی کلو قیمت 89 پیسے، تازہ دودھ ایک روپے 45 پیسے، دہی ایک روپے 37 پیسے فی کلو اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 9 روپے 76 پیسے مہنگا ہوا۔دال ماش کی فی کلو قیمت میں 2 روپے اور دال چنا 74 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی جبکہ ایک ہفتے کے دوران انڈے 16 روپے 38 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے،گھی، مٹن اور بیف کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔لہسن 15روپے 12 پیسے ،چکن کی فی کلو قیمت میں 7روپے 81 پیسے اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 31 روپے 29 پیسے سستا ہوا ۔