الہ آباد (این این آئی) الہ آباد گردو نواح میں ملاوٹ مافیا نے معصوم بچوں کی زندگیو ں کو خطرے میں ڈال دیا۔ ناقص و مضر صحت پاپڑ، چپس سلینٹیاں، گولیاں، مشروبات اور دیگر اشیاء شہر کے گلی محلوں اورسکولوں کے باہر فروخت ہونے لگیں۔ بچے معدے، جگر اور دیگر موذی امراض کا شکار ہونے لگے جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کارروائی کرنے کی بجائے
حسب روایت خاموش تماشائی بن گئی۔ تفصیل کے مطابق الہ آباد و گردو نواح گہلن شام کوٹ تلونڈی دربار شیخ علم دین کنگن پور ڈھنگ شاہ بھاگیوال پنڈی مچھانہ نرملکے نور پور نینوال مستوال ارزانی پور لالوکے،ڈھٹے و دیگر جگہوں پر اور شہر بھر کے گلی کوچوں، محلوں اور سکولوں کے باہر مضر صحت اشیاء پاپڑ، سلینٹی،کرکرے، گولیاں و ٹافیاں، مشروبات، چپس اور دیگر اشیاء کی فروخت جاری ہے جو انتہائی مضر صحت اجزاء اور تیل میں تیار کی جاتی ہیں اور اس کی تیاری جگہ جگہ مختلف گھروں میں جاری ہے جہاں منی فیکٹری میں کم عمر بچے چائلڈ لیبر کے قانون کی دھجیاں بکھیرتے نظر آتے ہیں۔ مضر صحت اشیاء کے کھانے سے بچے معدہ، جگر اور دیگر موذی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے حسب روایت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جس سے مستقبل کے معمار بچوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔ شہر کی سیاسی، سماجی،فلاحی تنظیموں اور شہریوں نے ڈپٹی کمشنر قصور اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران سے فوری نوٹس لے کر بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔