عمان (این این آئی ) اردن کے تاجر نے اپنے ملازمین کی عمدہ کارکردگی سے خوش ہوکر ان کیلئے اپنی تجوری کا منہ کھول دیا اور انہیں اتنے زیورات سے نوازا کہ اس کی دریا دلی کی دھوم مچ گئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اردن کا ایک تاجر اپنے عملے کی عمدہ کارکردگی اور کام کی لگن سے اتنا خوش ہوا کہ اس نے تمام ملازمین کو قیمتی زیورات تحفے میں دے دیئے۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ کمپنی کے مالک احمد ابو سنینہ نے اپنے فیس بک پیج پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں بتایا کہ وہ اپنی کمپنی کے ملازمین کو ان کی اچھی کارکردگی کے اعتراف میں سونے کے زیورات تقسیم کررہا ہے۔اس موقع پر کمپنی نے مالک نے ہر ملازم کو باری باری اپنے آفس میں بلایا اور ان کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک عدد سونے کا سیٹ بطور انعام دیا۔مذکورہ تاجر نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں کہا کہ میں نے اپنے محنتی ملازمین کو زیورات پیش کیے ہیں جو اپنے عہدوں پر اخلاص اور ایمانداری کے ساتھ کام کرتے ہیں اور ایک خاندان کی طرح میرے ساتھ کھڑے ہیں۔احمد ابو سنینہ نے تمام کاروباری افراد اور منیجرز سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ملازمین کو بونس اور مراعات دیا کریں تاکہ ملازم کمپنی کو اپنی پوری توجہ اور محنت دے، انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ اپنے ملازم خیال رکھو گے تو بدلے میں وہ آپ کو اچھا کام کرکے دے گا۔