کراچی(این این آئی)جنوری 2021 کے دوران جاری کھاتے کو 22 کروڑ 90 لاکھ ڈالر خسارے کا سامنا رہا،اس طرح مسلسل دوسرے ماہ ملک کو تجارتی خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق دسمبر 2020 کے مقابلے میں جنوری 2021 کا خسارہ 42 کروڑ 30 لاکھ ڈالر
کم رہا۔ رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں کرنٹ اکانٹ بیلنس 91 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سرپلس رہا۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں جاری کھاتے کو 2 ارب 54 کروڑ 40 لاکھ ڈالر خسارہ ہوا تھا۔رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 13 ارب 74 کروڑ ڈالر رہا۔ تجارتی خسارہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 2 ارب 14 کروڑ ڈالر زائد ہے۔ اشیا و خدمات کی تجارت کا مجموعی خسارہ 14 ارب 85 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہا۔گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں اشیا و خدمات کا مجموعی خسارہ 13 ارب 49 کروڑ ڈالر تھا۔ رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران 16 ارب 47 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں ترسیلات کی مالیت 3 ارب 20 کروڑ ڈالر زائد رہیں۔مرکزی بینک کے مطابق جنوری کے مہینے میں معیشت کے مختلف شعبوں جیسے بجلی اور ٹیلی کام کے منصوبوں میں سرمایہ کاری 192.7 ملین ڈالر کی سطح پر رہی، جب کہ سال گذشتہ کے اسی مہینے میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 219.6 ملین ڈالر رہا تھا۔معاشی ماہرین کے مطابق تجارتی خسارے میں اضافے کی بنیادی وجہ اشیائے خوراک، صنعتی خام مال اور مشینری کی درآمدات میں اضافہ ہے۔