اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )حکومت کی ’’ میک ان پاکستان‘‘ پالیسی کے زبردست نتائج آنا شروع ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ کورونا کے باوجود بڑی صنعتوں کی پیداوار 22 ماہ کی بلند ترین سطح پر آئی ہے۔مشیر تجارت کا مزید کہنا تھا کہ
رواں مالی سال جولائی سے دسمبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 8.16 فیصد اضافہ ہوا۔صنعتی پیداوار سے ملازمتوں کے مواقع بڑھیں گے اور برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔ملک بھر میں ماہ دسمبر کے دوران بڑی صنعتوں کی جانب سے پیداواری عمل میں اضافہ نظر آیا ان میں آٹوموبائل، پیٹرولیم سیکٹر، فوڈ، کھاد اور ادویہ ساز صنعتیں شامل ہیں۔ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق دسمبر 2020 میں بڑی صنعتوں کی جانب سے پیداوار میں 11 اعشاریہ 4 فیصد اضافہ نظر آیا۔ ادارے کے مطابق ماہ دسمبر کے دوران صنعتی پیداوار گزشتہ 22 ماہ کی بلند ترین سطح پر رہی اور اس کی وجوہات میں حکومت کی جانب سے کورونا وبا کے دوران معاشی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے مختلف صنعتوں کو دی جانے والی سہولیات اور مراعات ہیں۔دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان سے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے ملاقات جس میں مشیر تجارت نے وزیر اعظم کو اپنے حالیہ دورہ ازبکستان اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے حوالے سے بریفنگ دی۔