سمبڑیال( آن لائن )سمبڑیال و گردونواح میں سرکاری سستا آٹا غائب ، شہر میں اکلوتا سیل پوائنٹ بھی ختم ، غریب طبقہ دو وقت کی روٹی کے آٹے کیلئے دربدر خوار، دوکانوں پر مہنگے آٹے کی وافر مقدار میں سرعام فروخت جاری جبکہ انتظامیہ نے صورتحال نوٹس میں ہونے کے باوجود ’’چشم پوشی‘‘ اختیار کر لی ۔ تفصیلات کے مطابق جہاں پر بدترین مہنگائی نے عام آدمی کا جینا حرام کر رکھا ہے
وہاں پر رہی سہی کسر سستے آٹے کی عدم دستیابی نے نکال کر رکھ دی ہے اور سمبڑیال شہر و نواحی علاقوں میں غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے حکومتی سطح پر سبسڈی والا سستا آٹا غائب ہونے سے مزدور اور غریب آدمی دو وقت کی روٹی کے آٹے کے حصول کیلئے دربد خوار ہو رہا ہے جبکہ عام مارکیٹ میں دوکانوں پر 20کلو گرام آٹے کا تھیلا 1300روپے تک وافر مقدار میں سرعام فروخت ہو رہا ہے جو غریب آدمی کی پہنچ سے باہر ہے اور ستم ظریفی کی بات ہے کہ شہریوں کو سستے آٹے کی فراہمی کے حوالے سے شہر سمبڑیال رورل ڈسپنسری کے قریب قائم کردہ اکلوتا سیل پوائنٹ بھی بند کر کے مقامی انتظامیہ فلور ملز سے مبینہ ملی بھگت کر کے مخصوص دوکانوں پر ہی سبسڈی والا سستا آٹا بہت کم مقدار میں فراہم کرر ہی ہے جو کہ اونٹ کے منہ میں ’’زیرہ ‘‘ کے مترادف ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ ہوش ربا مہنگائی کے باعث جہاں پر زندگی اجیرن بنی ہوتی ہے وہاں پر مقامی انتظامیہ ہمیں دو وقت کی روٹی کیلئے سستے آٹے کی فراہمی کے حوالے سے بھی ناکام ہو چکی ہے۔