لاہور ، واشنگٹن(آن لائن، اے پی پی) رواں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز شہر کی صرافہ مارکیٹوں میں خالص سونے کی قیمتوں میں 550 روپے فی تولہ اضافہ کردیا گیا۔ جس کے بعد صرافہ مارکیٹوں میں 24 قیراط سونے کی قیمت 1 لاکھ 12 ہزار 200 روپے فی تولہ اور 22 قیراط
سونے کی قیمت 1لاکھ 2 ہزار 850 روپے فی تولہ جبکہ خالص چاندی کی قیمت 1370 فی تولہ کی سطح پر رہی۔ دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ سونے کے محفوظ ذخائر کا مالک امریکہ ہے۔ اس کے یہاں 8133 ٹن سونا ہے۔ جرمنی 3362 ٹن سونے کے حوالے سے دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر ہے۔عالمی مالیاتی فنڈ 2814 ٹن سونے کے محفوظ ذخائر کے باعث تیسرے نمبر پر ہے۔سعودی عرب نے سونے کے محفوظ ذخائر میں عرب دنیا میں پہلی اورعالمی سطح پر اٹھارہویں پوزیشن حاصل کی ہے۔سعودی عرب 2020 میں ابتدائی گیارہ ماہ کے دوران اپنی یہ پوزیشن قائم رکھنے میں کامیاب رہا۔ سونے کے محفوظ ذخائر میں سعودی عرب کو برطانیہ پر برتری حاصل رہی جو 310 ٹن سونے کے مالک کے حوالے سے 19 ویں نمبر پر ہے سعودی عرب کو سپین پر بھی فوقیت رہی جو 281 ٹن کے حوالے سے 21 ویں نمبر پر ہے۔ دنیا میں سونے کے سب سے زیادہ محفوظ ذخائر رکھنے والے ملکوں میں خلیجی ممالک
آتے ہیں۔ورلڈ گولڈ کونسل کی رپورٹ میںبتایا گیا ہے کہ دنیا کے سو سینٹرل بینکوں کے یہاں نومبر 2020 کے آخر میں 35.19 ہزار ٹن سونے کے محفوظ ذخائر ریکارڈ کیے گئے۔ ورلڈ گولڈ کونسل کے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اس فہرست میں 44 ویں نمبر پر ہے اور اس کے پاس اس وقت 64.6 ٹن سونے کے ذخائر ہیں جو کہ اس کے مجموعی ذخائر کا 20.7 فیصد بنتے ہیں۔