اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پشاور تا کراچی موٹر وے مکمل کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، وزارت مواصلات کے ذرائع کے مطابق ملک میں جلد کئی نئی موٹر ویز کی تعمیر کا آغاز ہو جائے گا، اہم ترین موٹر وے سکھر تا حیدر آباد موٹر وے کی تعمیر رواں سال اپریل میں شروع ہو جائے گی، جیسے ہی یہ منصوبہ مکمل ہو گا پشاور تا
کراچی مو ٹر وے مکمل ہو جائے گی، واضح رہے کہ19 جولائی 2020ء کو چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ ایکنک نے سکھر حیدرآباد موٹروے کی منظوری دیدی، سکھر حیدرآباد موٹروے کی لمبائی 306کلو میٹر ہو گی۔ سماجی رابطہ کے ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹویٹ میں عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سکھرحیدرآبادموٹروے تعمیراتی شعبے کیلئے اہم کرداراداکریگی،منصوبہ اندرون سندھ میں سماجی اور معاشی انقلاب لائے گا، پشاور، کراچی ایسٹرن روٹ کوبھی ایسٹ بلوچستان سے لنک کیاجائے گا۔یاد رہے کہ اس وقت غیر ملکی کمپنیوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے منصوبہ تاخیر کا شکار ہو گیا، بتایا گیا تھا کہ سی پیک کے تحت 204.28 ارب روپے کی لاگت کی سکھر تا حیدرآباد موٹر وے (ایم 6) کی تعمیر گزشتہ سال کے آخر تک شروع ہوگیلیکن مختلف وجوہات کی بنا پر منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا، اب اس منصوبے پر اپریل سے کام شروع ہونے کا امکان ہے اور اگر کام اپریل میں شروع ہو جاتا ہے تو پشاور تا کراچی موٹر وے اسی سال مکمل ہو جائے گی اور پاکستانی شہریوں کو سفر میں آسانیاں حاصل ہو جائیں گی، یاد رہے کہ 9 مارچ 2018ء میں لیگی وزیر داخلہ احسن اقبال اور مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ سی پیک پاکستان کو خطہ میں تجارتی
اور معاشی مرکز بنائے گا، ڈیڑھ سے 2 سال تک پشاور سے کراچی تک موٹروے تیار ہو جائے گی،انہوں نے کہا تھا کہ گذشتہ 5 سال میں اپنے وسائل سے ریلوے پر ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی، ریلوے کو جدید بنا نے کا دعوی بھی کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ ٹرینوں کی رفتار 80 سے بڑھ کر 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو جائے گی۔