کراچی(آن لائن)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان(ٹڈاپ) کو انٹلکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن(آئی پی او) سے باسمتی چاول کیلئے جغرافیائی شناخت موصول ہوگئی ہے۔باسمتی چاول پاکستان کی پہلی پراڈکٹ بن گئی ہے جسے آئی پی او کی جانب سے جغرافیائی شناخت دی گئی ہے،
واضح رہے کہ پاکستان نے عالمی مارکیٹ میں بھارت کی جانب سے اپنے چاول کیلئے باسمتی کے ٹریڈ مارک پر اعتراض کرتے ہوئے اپنا کیس دائر کیا تھا جس میںکہا گیا تھا کہ باسمتی چاول پاکستان کی پراڈکٹ ہے اور عالمی مارکیٹ میں باسمتی چاول کے ٹریڈ مارک کے استعمال کا استحقاق محض پاکستان کو ہی ہے ،اس ضمن میںٹڈاپ نے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان،پاکستان ایگری کلچرل ریسرچ کونسل اور چاروں صوبوں کے محکمہ زراعت کے ساتھ ملکر متعدد مشاورتی اجلاس منعقد کئے اور آئی پی او سے باسمتی چاول کی جغرافیائی شناخت کے حصول میںکامیاب ہوئے۔پاکستان سے سالانہ 4تا6لاکھ ٹن چاول بر آمد کیا جاتا ہے جس میںسے دو تا ڈھائی لاکھ ٹن چاول یورپی یونین میںبر آمد ہوتا ہے۔ٹڈاپ کے مطابق آئی پی او سے پاکستانی باسمتی چاول کیلئے جغرافیائی شناخت کے حصول میںیورپ میںپاکستانی کیس مزید مضبوط ہوگا اور پاکستان سے باسمتی چاول کی بر آمد میںاضافہ ہوگا۔