کراچی(این این آئی )مقامی کار اسمبلرز نے ڈالر کی قدر میںکمی کے باوجود ایک بار پھر گاڑیوںکی قیمتوںمیںاضافہ کردیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ملک میںروپے کی قدر میںاضافے اور ڈالرز کی قدر میں کمی کے باوجود مقامی کار اسمبلرز نے ایک بار پھر یکم دسمبر سے گاڑیوں کی قیمتوںمیںایک لاکھ روپے تک اضافہ کردیا ہے ۔واضح رہے کہ پاک سوزوکی
موٹر کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایم سی ایل) انڈس موٹرز نے ایک بار پھر اپنی گاڑیوں کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔دونوں کمپنیوں نے گاڑیوں کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں ایک لاکھ روپے تک اضافہ کیا ہے،اس سے پہلے کمپنیوں کی جانب سے ڈالر کیقیمت کو جواز بناکر گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا تھا مگر حالیہ مہینوں میں روپے کی قدر میں اضافہ ہوا مگر پھر بھی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا جس کا اطلاق یکم دسمبر سے ہوگا،سوزوکی کی جانب سے کلٹس اور سوئفٹ کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا،سوزوکی کلٹس وی ایکس ایل کی قیمت میں 70 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا اور اب یہ 19 لاکھ کی بجائے 19 لاکھ 70 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی،کلٹس اے جی ایس ایک لاکھ روپے اضافے کے بعد اب 20 لاکھ 30 ہزار روپے کی بجائے 21 لاکھ 30 ہزار روپے میں فروخت کی جائے گی،سوزوکی سوئفٹ آٹومیٹک نیوی گیشن کی قیمت میں 35 ہزار روپے اضافہ کیا گیا اور اب یہ 21 لاکھ 75 ہزار روپے کی بجائے 22 لاکھ 10 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی،اس سے قبل پاک سوزوکی نے اکتوبر میں گاڑیوں کی قیمتوں میں 42 ہزار روپے تک اضافہ کیا تھا،دوسری جانب انڈس موٹرز نے کرولا اور گرانڈی کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں اضافہ کیا،کرولا 1.6 ایم ٹی کی قیمت میں 60 ہزار روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کی قیمت 31 لاکھ 59 ہزار روپے سے بڑھ کر 21 لاکھ 19 ہزار روپے ہوگئی ہے،کرولا 1.6 اے ٹی کی قیمت بھی 60 ہزار روپے اضافے سے 33 لاکھ 9 ہزار روپے کی جگہ 33 لاکھ 69 ہزار روپے ہوگئی ہے،کرولا 1.8 ایم ٹی کی قیمت پہلے 43 لاکھ 79 ہزار روپے تھی جو 70 ہزار روپے اضافے سے 35 لاکھ 49 ہزار روپے ہوگئی ہے،کرولا 1.8 سی وی ٹی کی قیمت میں بھی 70 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا جو اب 36 لاکھ 29 ہزار روپے کی بجائے 36 لاکھ 99 ہزار روپے کی ہوگئی ہے،الٹس گرانڈی 1.8 سی وی ٹی (Beige Interior) اسی ہزار روپے اضافے کے بعد 38 لاکھ 99 ہزار روپے کی جگہ 39 لاکھ 79 ہزار روپے میں فروخت ہوگی،الٹس گرانڈی 1.8 سی وی ٹی (Black Interior) کی قیمت ایک لاکھ روپے اضافے کے بعد 38 لاکھ 99 ہزار روپے کی جگہ 39 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔