لاہور( این این آئی)سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز نے کنکشن کیلئے نام تبدیل کروانے کیلئے صارفین پر 5700روپے کا بوجھ ڈال دیا ۔ذرائع کے مطابق ایس این جی پی ایل نے نام تبدیل کروانے کیلئے 1200 روپے کا ای اسٹام پیپر پر حلف نامہ لازمی قرار دیدیا جبکہ صارفین کو 4500 روپے فیس کی مد میں اضافی ادائیگی کرنا ہوگی۔ ذرائع نے بتایا کہ
کمپنی میں نام تبدیل کروانے کے سب سے زیادہ کیس ہربنس پورہ دفتر میں رپورٹ ہوئے، ٹھیکیداری نظام کی وجہ سے ایک صارف کے نام پر متعدد کنکشن لگائے گئے، بعض صارفین کے پاس ٹھیکیدار کی درخواست پر لگنے والے کنکشن کے کوائف موجود نہیں، کوائف نہ ہونے کی وجہ سے صارفین ایک بار پھر ٹھیکیداروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیئے گئے ہیں۔