کراچی(این این آئی)پاکستان دنیا میں گنے کی کثیر پیداوار کرنے والے ممالک میں شامل ہونے کے باوجود چینی در آمد کر رہا ہے اور ملک میں چینی کی فی کلو قیمت اس وقت 100روپے سے بلندسطح پر ہے ، جبکہ چین ،امریکا اور انڈونیشیا گنے کے بڑے پیداواری ممالک ہونے کے باوجود
چینی کے 3بڑے در آمد کنندہ بھی ہیں۔یونائیٹڈ نیشنز فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں گنے کی سب سے زیادہ پیداوار برازیل میں72کروڑ ٹن سے زیادہ ہوتی ہے،پاکستان گنے کی پیداوار کے اعتبار سے دنیا میں 5 ویں نمبر پر ہے ،جہاں گنے کی سالانہ اوسط پیداوار 6کروڑ ٹن کے لگ بھگ ہے تاہم اس کے باوجود پاکستان اس وقت چینی در آمد کررہا ہے ، گنے کی پیداوار میں بھارت دوسرے ،چین تیسرے ،تھائی لینڈ چوتھے ، میکسیکو چھٹے ،انڈونیشیا نویں اور امریکادسویں نمبر پر ہے ۔رپورٹ کے مطابق چینی کے بڑے بر آمد کنندہ ممالک میں برازیل پہلے ،تھائی لینڈ دوسرے ،بھارت تیسرے اور فرانس چوتھے نمبر پر ہے۔پاکستان میں پانی کی کمی،موسمیاتی تبدیلی ،ذخیرہ اندوزی اور سبسڈی کے مسائل کے باعث گنے کی پیداوار اور چینی کی عوام کو مناسب داموں میں دستیابی گزشتہ چند سال سے چیلنج بن رہی ہے ، اس وقت بھی یہی صورتحال ہے جس کے باعث حکومت کو چینی در آمد کرنا پڑ رہی ہے ۔