لاہور( آن لائن ) لاہور میں قائم پاکستانی پہلی “سپیل کمپنی” عالمی معیار کی سستی ترین ڈسپوزیبل فیس شیلڈ کی تیاری کیلئے پہلی مرتبہ یورپین یونین کی سی ای (CE ) سرٹیفیکیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ مقامی وسائل اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے شفاف پیٹ شیٹ سے بنی یہ شیلڈ کورونا وائرس کے خلاف حفاظت کے لئے ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس کیلئے ڈیزائن کی گئی ہے جسے عام لوگ بھی
استعمال کر سکتے ہیں۔ انتہائی ہلکے وزن والی یہ فل فیس حفاظتی شیلڈ پہننے میں آرام دہ اور پرسکون، سانس لینے میں غیر مزاہم ہے اور صابن اور پانی سے دھوئی جا سکتی ہے۔ یہ نمی اور ہوا کے خلاف درجہ اول کی دفاعی شیلڈ اور پرسنل پروٹیکشن ایکوئیپمنٹ ( پی پی ای) کا حصہ ہے۔ کمپنی کو ملنے والے سرٹیفکیٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’ سپیل مینوفیکچرر یورپی یونین کے سی ای مارک، کیٹگری 1 کے لئے پی پی ای ( پرسنل پروٹیکشن ایکوئپمنٹ) ضوابط کے معیار اور اس کے فزیکل پیرامیٹرزکی شقوں پر بھی پورا اترتا ہے‘‘۔ اگر برآمد کی اجازت دی جائے تو کمپنی مقامی ضروریات پورا کرنے کے علاوہ بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی یہ شیلڈ فروخت کیلئے پیش کر سکتی ہے بصورت دیگر بھارت اور بنگلہ دیش جیسے ہمسایہ ممالک عالمی منڈیوں پر اجارہ داری قائم کرلیں گے۔