اسلام آباد ( آن لائن )رواں مالی سال کے دوران امریکہ، چین اور برطانیہ پاکستان سے درآمدات کرنے والے بڑے ممالک رہے ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا مارچ 2019-20 کے دوران امریکہ کو 3097.635 ملین ڈالر کی درآمدات کی گئی ہیں۔ اس طرح امریکہ پاکستانی مصنوعات کا سب سے بڑا درآمد کنندہ رہا ہے جبکہ گذشتہ مالی سال میں
جولائی تا مارچ 2018-19 کے دوران امریکہ کو 3021.542 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔رپورٹ کے مطابق چین کو رواں مالی سال میں 1298.259 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی ہیں جبکہ گذشتہ مالی سال میں چین کو کی جانے والی برآمدات کا حجم 1310.136 ملین ڈالر رہا تھا۔ جاری مالی سال میں چین پاکستانی مصنوعات کا دوسرا برآمد درآمد کنندہ رہا ہے اور اسی طرح برطانیہ 1279.873 ملین ڈالر کی درآمدات کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا ہے۔سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران متحدہ عرب امارات کو 1244.984 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی ہیں جبکہ جرمنی کو کی جانے والی برآمدات کا حجم 1034.667 ملین ڈالر تک بڑھ گیا۔رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں افغانستان کو 789.434 ملین ڈالر، ہالینڈ کو 776.240 ملین ڈالر، سپین کو 684.624 ملین ڈالر، اٹلی کو 591.309 ملین ڈالر، بنگلہ دیش کو 573.158 ملین ڈالر، فرانس کو 327.609 ملین ڈالر، سنگاپور کو 147.735 ملین ڈالر اور کینیڈا کو 210.853 ملین ڈالرز کی برآمدات کی گئی ہیں۔