کراچی (این این آئی)وفاقی وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک آف پاکستان نے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروبار میں روزگار کے مواقع برقرار رکھنے کیلئے قرض کی نئی ری فنانس سکیم کا اجرا کر دیا ہے جس کیلئے 30 ارب روپے کی رقم مختص کر دی گئی ہے۔اس 4 سالہ سکیم سے وہ کاروبار مستفید ہوسکیں گے جو حکومت کے ساتھ معاہدہ کریں گے کہ وہ آئندہ 3 ماہ کے دوران کسی ملازم کو نوکری سے برطرف نہیں کریں گے۔ وہ ایس ایم ایز جن کی سالانہ فروخت 2 ارب روپے تک ہے، وہ اس سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق اس قرض کی سکیم کا مقصد ان ایس ایم ایز کو مالی تعاون اور تحفظ فراہم کرنا ہے جس کے پاس بینکوں کے پاس رہن رکھوانے کیلئے اثاثہ جات نہیں۔ اس سکیم کیلئے متعارف کردہ رسک شیئرنگ میکنزم کے تحت وفاقی حکومت بینکوں کے تقسیم شدہ قرضوں کے ڈوبنے کی صورت میں اصل زر پر ابتدائی 40 فیصد نقصان کا بوجھ اٹھائے گی۔اس سہولت سے بینکوں کو ترغیب ملے گی کہ وہ ضمانت کی کمی سے دوچار ایسے ایس ایم ایز اور چھوٹے کارپوریٹ اداروں کو قرضے فراہم کریں جن کی سیلز کا ٹرن اوور 2 ارب روپے تک ہے۔