لاہور(آن لائن)پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش میں پیاز بحران حکومتوں کیلئے خطرہ بن گیا، پیاز نے بھارت میں تین حکومتیں بدلیں، 1980 کے انتخابات کو پیاز الیکشن کے طورپر یاد رکھا جاتا ہے جب اندرا گاندھی برسراقتدار آئیں، جبکہ 1998 میں دہلی اور راجستھان کی حکومتیں بھی پیاز بحران کی ہی وجہ سے الیکشن ہاریں۔پاکستان میں تین مرتبہ 1983، 1989 اور 2003 میں پیاز بحران نے
سر اٹھایا تاہم حکومتیں محفوظ رہیں، اب پھر سے پاکستان میں پیاز بحران کے سرا ٹھانے پر حکومت نے چینی، گندم کے بعد پیاز کی برآمد پر بھی مئی تک پابندی عائد کر دی ہے، یہاں ناموافق موسمی حالات کے باعث تقریباً 18 لاکھ ٹن پیاز کی پیداوار صرف ملکی ضروریات کیلئے کافی ثابت ہو سکے گی، برآمد ہونے کی صورت میں بحران پیدا ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ نومبر میں پیاز برآمد کرنے کا جو فیصلہ کیا گیا تھا اسے معطل کر دیا گیا ہے، لاہور میں پیاز کم ازکم 80 روپے کلو تک بیچا جا رہا ہے۔پاکستان کے علاوہ بھارت اور بنگلہ دیش بھی پیاز کے بحران کا شکار ہیں، بھارت میں پیاز کی قیمت غیر معمولی ہے، جو نومبر میں 140 بھارتی روپیہ تک پہنچ گئی تھی، ترکی اور افغانستان سے درآمد کے باوجود بھارت میں پیاز کی قیمت 100 روپیہ تک ہے جس کی وجہ سے بھارت نے ترکی سے پیاز درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دوسری جانب بھارت نے پیاز کی برآمد پر پابندی بھی لگا رکھی ہے، جس کا سب سے زیادہ اثر بنگلہ دیش پر پڑا ہے اور وہاں پیاز 200 بنگلہ دیشی ٹکا تک پہنچ گیا ہے، اس بحران کی وجہ سے بنگلہ دیش نے پاکستان سے پیاز درآمد کا فیصلہ کیا تاہم پاکستان کے اپنے حالات کی وجہ سے چند کنسائنمنٹس کے بعد ہی برآمد روک دی گئی اب مئی تک پیاز برآمد پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔زرعی ماہر اختر میو کے مطابق برآمد پر پابندی سے قیمت میں کمی کا زیادہ امکان نہیں، رمضان میں مارکیٹ کو سنبھالا دینے کی ضرور کوشش کی گئی ہے تاہم رمضان میں پیاز حکومت کو ٹف ٹائم دے سکتا ہے، کیونکہ پیاز کی نئی فصل عید کے بعد آنے کا امکان ہے۔