لاہور( این این آئی )پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں بڑے پیمانے پر بے نامی ٹرانزیکشنز کا انکشاف ہوا ہے ۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے فیڈرل بیوروآف ریونیو کو جائیدادوںکی بے نامی ٹرانزیکشن کی تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے شہر کے نو زونز میں 1796بے نامی جائیداروں کا ریکارڈ ایف بی آر کے سپرد کر دیا ہے۔دستاویزات کے مطابق سمن آباد زون میں سب سے زیادہ 479جائیدادوں
کی خریداری کے لیے بے نامی ٹرانزیکشنز کی گئیں۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر داتا گنج بخش زون میں 355ٹرانزیکشنز ہوئیں۔اسی طرح واہگہ ٹائون میں 263،، گلبرگ ٹائون میں 211، راوی ٹائون میں 151، علامہ اقبال ٹائون میں 117، نشتر ٹائون میں 44اور شالامار ٹائون میں 17بے نامی جائیدادوں کے لیے ٹرانزیکشنز کی گئیں ہیں۔ایف بی آر کا کہنا ہے کہ تمام زونز کا ڈیٹا مرتب کرلیا گیا ہے، تحقیقات مکمل ہونے پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔