لاہور(این این آئی) آل پاکستان انجمن تاجران نے ہر ماہ فیول پرائش ایڈ جسٹمنٹ کی بنیاد پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہر طبقے پر بوجھ ڈالنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے جس سے عوام کی کمر ٹوٹ چکی ہے ،حکومتی پالیسیوں سے مہنگائی میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ اور آمدن میں کمی سے لوگوں کی قوت خرید جواب دے گئی ہے اور حالات انتہائی خطرناک صورتحال اختیار کرتے جارہے ہیں ۔
جو لمحہ فکریہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر اشرف بھٹی نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے تاجروں کے نمائندہ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران بند کمروںمیں بیٹھ کر پالیسیاں بنانے والوں کی بجائے باہر آئیں تو انہیں معاشی طور پر بد حال عوام کی چیخیں سنائی دیں۔ عوام پر ہر روز کسی نہ کسی صورت میں مہنگائی کا بم برسائے جاتے ہیں۔ یہ کیسا میکنزم ہے کہ فیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں صرف بجلی کی قیمتیں بڑھتی ہیں اور ان میں کمی نہیں ہوتی ۔ یہی صورتحال پیٹرولیم مصنوعات کی ہے جس میں اضافہ روپے میں کیا جاتا ہے لیکن جب ریلیف دینے کا مرحلہ آتا ہے تو یہ پیسوں میں ہوتا ہے جس سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے حالات جس طرف بڑھ رہے ہیں اس سے اگلا مرحلہ بڑا خوفناک ہوگا اور اسے کنٹرول کرنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا اس لئے حکومت ہوش کے ناخن لے اور اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرے تاکہ عوام کو بھی ریلیف ملے او ر ان کی زندگیوں میں اطمینان آ سکے ۔