لاہور( این این آئی )چاول کی برآمدات کو اگلے پانچ سالوں میں 2 ارب ڈالر سے بڑھا کر 5ارب ڈالر تک لے جانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔یہ بات رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ترجمان نے بتائی ۔ایسوسی ایش کے وفد کی مشیر تجارت عبدالرزاق دائود سے ہونے والی ملاقات میں اس حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔وفد نے چاول کی پیداوار اور برآمدات کو بڑھانے کے لئے مشیر تجارت کو تجاویز پیش کیں جن میں کاشتکاری کے بہترین طریقے، پانی کا استعمال، مکنیکل ٹرانسپلانٹیشن اور موجودہ رائس
ملز میں ڈرائنگ اور سٹوریج سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ اقدامات سے چاول کی پیداوار اور برآمدات کو اگلے پانچ سالوں میں بڑھایا جائے گا۔عبد الرزاق دائود نے کہا کہ چاول زرعی برآمدات کا سب سے بڑا حصہ ہے۔ ایسوسی ایشن کی تجاویز قابل ستائش ہیں اور وزارت تجارت اپنا ہر ممکن تعاون کرے گی۔ وزیر تجارت نے کہاکہ چاول کی پیداوار کو بڑھانے کیلئے نئی اقسام اور ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر بھی کام کیا جائے۔اضافی مارکیٹ رسائی سے چین اور انڈونیشیا میں پاکستانی چاول کی برآمدات بڑھی ہے۔