تہران (این این آئی)نیشنل ایرانی آئل کمپنی (این آئی او سی) نے سعودی جانب سے میزائل کے ذریعہ اپنے ٹینکر کو نشانہ بنانے کے بارے میں ایرانی وزارت خارجہ کے دعوے کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی ٹینکر کو سعودی سرزمین سے میزائل سے نشانہ بنانے کی خبر کی کوئی صداقت نہیں ہے۔ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے نے نیشنل آئل کمپنی کے باخبر ذرائع کے حوالے سے ذرائع ابلاغ میں آنے والی ان خبروں کی تردید کی ہے کہ جن میں دعوی کیا گیا ہے کہ بحیرہ احمر میں سبیٹی آئل ٹینکر کو سعودی عرب سے نشانہ بنایا گیا۔ایجنسی نے مزید کہا کہ اس واقعے سے متعلق تازہ ترین
پیشرفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ دھماکے کے بعد جہاز سے تیل بہنا شروع ہوگیا تھا تاہم ایک دوسرے ذرائع نے تیل کے اخراج کی تردید کی ہے اور کہا کہ جہاز سلامت ہے۔ایک اور ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکہ آئل ٹینکر کے اندر ہوا ہے، جہاز پر کسی قسم کا دھواں اٹھتا یا تیل کے بہائو کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے، بلکہ اس کے برعکس جہاز مکمل طور پر محفوظ ہے۔ناسا کے ذریعہ لی گئی تصاویر سمیت جمع کی گئی تمام معلومات کی بنا پر کوئی دھواں، آگ، تیل کا پھیلنا، یا یہاں تک کہ کوئی امدادی کام نہیں دیکھا گیا۔اس کے برعکس، ایرانی ٹینکر معمول کی رفتار سے سفر کررہا تھا۔