اسلام آباد (این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر ) کے چیئرمین شبر زیدی نے کہا ہے کہ دبئی لینڈ ڈپارٹمنٹ ایف بی آر کو دبئی میں موجود پاکستانیوں کی جائیدادوں کی تفصیلات فراہم کرے گا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی 9 اور 10 اکتوبر ‘ کو جائیدادوں کے مالکان کی معلومات کے تبادلے سے متعلق متحدہ عرب امارات کے حکام سے ملاقات ہوئی۔شبر زیدی نے ٹوئٹ میں کہا کہ دبئی لینڈ ڈپارٹمنٹ فوری طور پر دبئی میں پاکستانیوں کی جائیدادوں کی تفصیلات فراہم
کرے گا اور اقامہ کے غلط استعمال سے بھی نمٹا جائے گا۔خیال رہے کہ 4 اکتوبر کو شبر زیدی نے معاشی خوشحالی کے لیے علاقائی استحکام کے موضوع پر اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ 20 سال میں 6 ارب ڈالر بیرون ملک منتقل ہوئے اور یہ رقم بھی قانونی چینلز سے منتقل کی گئی۔شبر زیدی نے کہا تھا کہ پاکستانیوں کے 100 ارب ڈالر ملک سے باہر ہونے کا تاثر بلکل غلط ہے جبکہ بیرون ملک بھیجی گئی رقم واپس پاکستان لانے کا کوئی طریقہ موجود نہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ پاکستانی اب بھی اپنا سرمایہ بیرون ملک بھیج رہے ہیں جس میں کرپشن کا پیسہ 15 سے 20 فیصد ہے۔