ٹوکیو( آن لائن )جاپانی بیمہ کمپنی ٹوکیو میرین ہولڈنگز نے امریکہ میں قائم کمپنی پیور گروپ 3.1 ارب ڈالر میں خریدنے کا اعلان کیا ہے۔جاپانی کمپنی پیور گروپ کے تمام حصص خریدے گی، جس کے بعد یہ امریکی کمپنی ٹوکیو میرین ہولڈنگز کے گروپ میں شامل ہو گی۔ٹوکیو میرین کے عہدیداروں کے مطابق امریکی بیمہ کمپنی کے حصص ہولڈرز سے سمجھوتہ طے پا گیا ہے۔یہ عہدیدار مارچ کے آخر تک کمپنی کی خریداری کا عمل مکمل کرنے
کا منصوبہ رکھتے ہیں۔پیور گروپ کو دولت مند افراد کے لیے جائیداد کے بیموں اور حادثاتی بیموں کی فراہمی میں مہارت حاصل ہے۔ اس کمپنی کا شمار امریکہ میں اس قسم کے بیموں کی مارکیٹ میں سب سے زیادہ منافع بخش کمپنیوں میں ہوتا ہے۔کمپنی کے عہدیداروں کو امید ہے کہ بیرون ملک اس خریداری کے ذریعے آمدنی کے ذرائع اور لاحق خطرات میں تنوع لاتے ہوئے بیمہ کرانے والوں کو ادائیگیوں کے لیے کمپنی کے وسائل کو مضبوط بنایا جا سکے گا۔