اسلام آباد (آن لائن)رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران فرنس آئل اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں 15‘ 15 فیصد کمی جبکہ پٹرول کی فروخت میں 2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ آئل کمپنیز ایڈوائزری کمیٹی ( او سی اے سی) کے اعدادو شمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا ستمبر 2019ء کے دوران فرنس آئل کی فروخت 7 لاکھ 20ہزار ٹن تک کم ہوگئی جبکہ گزشتہ مالی سال میں اسی عرصہ کے دوران فروخت کا حجم 8لاکھ 49 ہزار ٹن رہا تھا۔اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران فرنس آئل کی فروخت میں 15فیصد یعنی ایک لاکھ 29 ہزار ٹن کی
کمی ہوئی ہے اسی طرح رواں مالی سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران ڈیزل کی فروخت کا حجم بھی 18 لاکھ 20 ہزار ٹن کے مقابلہ میں 15 لاکھ 38 ہزار ٹن تک کم ہوگیا اور جولائی تا ستمبر 2018ء کے مقابلہ میں جولائی تا ستمبر 2019ء کے دوران ڈیزل کی فروخت میں 2لاکھ 82 ہزار ٹن یعنی 15 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔او سی آئی سی کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پٹرول کی فروخت میں 2 فیصد یعنی 46 ہزار ٹن اضافہ ہوا اور فروخت کا حجم 18 لاکھ 96ہزار ٹن کے مقابلہ میں 19لاکھ 42 ہزار ٹن تک بڑھ گیا۔