اسلام آباد (این این آئی) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کے مابین گیس کمپنیوں میں من پسند ایم ڈی لانے کے لئے رسہ کشی جاری ہے جس کی وجہ سے آٹھ ماہ سے زیادہ گزرنے کے باوجودایس این جی پی ایل اورایس ایس جی سی کے مینیجنگ ڈائریکٹر زکی آسامیاں خالی پڑی ہیں۔گیس کمپنیوں کے ایم ڈی کے عہدے پر آٹھ ماہ سے زیادہ گزرنے کے باوجود کسی کومستقل بنیادوں پر تعینات نہیں کیا جا سکا ہے جبکہ مروجہ قوانین کے مطابق اس عہدے کو تین ماہ سے زیادہ خالی نہیں رکھا جا سکتا ہے۔ایس این جی پی ایل کے
ایم ڈی کے عہدے کے لئے تین بار اشتہار دئیے جا چکے ہیں جبکہ ہر بار تقرری کا معیار غیر قانونی طور پر بدل دیا جاتا ہے جو متعلقہ قوانین کامزاق اڑانے کے مترادف ہے ۔ مختلف حلقے اس آسامی پر قبضے کے لئے ایڑھی چوٹی کا زور لگا رہے ہیںجس سے ایس این جی پی ایل کی کارکردگی گر گئی ہے، اہم فیصلے زیر التوا ہیں،اصلاحات کا سلسلہ رکا ہواہے،سات ہزارملازمین کا مورال متاثر ہو رہا ہے جبکہ بے یقینی کی وجہ سے بھاری مالی نقصان الگ ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اس معاملہ کا نوٹس لے کر میرٹ پر تعیناتی یقینی بنائیں۔