لاہور( این این آئی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے مطابق کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی ۔رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہاگیا ہے کہ حکومت کی طرف سے یکم ستمبر سے پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے کمی کے ساتھ 113 روپے 24 پیسے مقرر کی گئی ۔عوام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو ناکافی بلکہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف قرار دیا۔
حکومت کی طرف سے ایندھن کے دام بے پنا ہ اور تسلسل سے بڑھا ئے گے ۔ جب کمی کی باری آئی تو محض چند روپے کا ریلیف دیا گیا۔عالمی مارکیٹ میں پٹرول کے نرخ خاصے کم ہو چکے ہیں اور مسلسل نیچے آرہے ہیں۔پٹرولیم منصوعا ت کی قیمت میں کمی کے حقیقی ثمرات عوام کو تب ہی ملیں گے جب پٹرول کے نرخ اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں مطابقت پیدا ہوگی۔عالمی منڈی میں قیمتوں کی کمی کے تناسب سے پٹرول کوکم از کم 100 روپے فی لیٹر کیا جائے۔