لاہور( این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ فکسڈٹیکس اور اسے آسان بنانے کے معاملے پر آج ( جمعہ) کے روزفیڈرل بورڈ آف ریو نیو کے حکام سے مذاکرات کا پہلا دورہوگا ،تاجر رہنما کھلے دل کے ساتھ مذاکرات میں شریک ہوںگے کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ کوئی درمیانی راستہ نکلے ،اگر حکومت نے معیشت کو ترقی دینی ہے تو
سولو فلائٹ کی بجائے مشاورت کوفروغ دینا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل محبوب علی سرکی، لاہور کے صدر میاں طارق فیروز اور جنرل سیکرٹری حاجی نوید طاہر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ایف بی آر حکام سے ہونیوالے مذاکرات میں اشرف بھٹی گروپ کی جانب سے مرکزی صدر اشرف بھٹی کی قیادت میں رہنمامذاکرات میں شریک ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا مقصد مسائل کاحل تلاش کرنا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے تاجروں کے تحفظات کو سنا جائے گا اور اس کے مطابق فکسڈٹیکس کی پالیسی لائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں لاکھوں تاجر ٹیکسز کی مد میں نہ صرف اربوں روپے قومی خزانے میں جمع کرا رہے ہیںبلکہ لاکھوں افراد کو روزگارکی فراہمی کاذریعہ بھی ہیں لیکن اسکے باوجود تاجروں کو حکومت کی جانب سے کوئی ریلیف اور سہولت نہیں دی جاتی۔حکومت تاجروں پر پالیسیاں مسلط کرنے کی بجائے مشاورت سے چلے تاکہ ہم کاروبار بند کرنے پر مجبور نہ ہوں۔