کراچی (این این آئی)ایک ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس 1 اعشاریہ 4 فیصد گر گیا۔ دوسری جانب امریکی کرنسی کے مقابلے روپیہ 1 روپے 47 پیسے مضبوط ہوا۔کاروباری ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج نے مجموعی طور پر منفی رجحان رکھا، یہ مسلسل چوتھا ہفتہ ہے جب مارکیٹ کا انڈیکس گراوٹ کا شکار رہا، ایک ہفتے کے دوران مارکیٹ 436 پوائنٹس کمی کے بعد 31 ہزار 666 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔انڈیکس میں گراوٹ کے سبب سرمایا کاروں کے لگ بھگ 120 ارب
روپے ڈوب گئے جبکہ یومیہ اوسط کاروباری حجم 5 کروڑ لاکھ رہا۔ دوسری جانب بیرونی سرمایا کاروں نے 34 لاکھ ڈالر مالیت کے حصص خریدے۔ سٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق بجٹ میں لئے گئے سخت اقدامات کے اثرات سٹاک مارکیٹ پر نظر آرہے ہیں۔دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران انٹربینک میں ڈالر 1 روپے 47 پیسے کمی کے بعد 159 روپے 11 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 1 روپے 20 پیسے کمی کے بعد 159 روپے 50 پیسے میں فروخت ہوئی۔