کراچی(این این آئی)وفاقی حکومت نے مالی سال2018-19 کے دوران قرض لینے اور نئے نوٹ چھاپنے کاریکارڈ اپنے نام کرلیا۔اخراجات کے لیے بینکوں سے اوسطاً یومیہ6 ارب روپے قرض لیا اور اوسطاً ہی یومیہ ایک ارب 73 کروڑ روپے مالیت کے نئے نوٹ چھاپے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران حکومت کی طرف سے روز مرہ بجٹ اخراجات پورے کرنے کے لیے بینکنگ سیکٹر سے مجموعی طور پر 21 کھرب 82 ارب روپے کے نئے قرضے لیے گئے جو پہلے سے 69 فیصد زیادہ ہیں۔
کمرشل بینکوں کی طرف سے قرض نہ ملنے کی وجہ سے حکومت کا سارا انحصار مرکزی بینک پر ہی رہا۔12ماہ کے دوران حکومت نے مرکزی بینک سے پہلے کے مقابلے میں 108 فیصد زیادہ قرضے لیے کیوںکہ شرح سود میں مسلسل اضافے کے پیش نظر کمرشل بینکوں نے حکومت کو قرض دینے سے گریز ہی کیا۔ الٹا 755 ارب روپے کی وصولیاں ہی کیں جو پہلے سے 20.6 فیصد زیادہ ہیں، نئے نوٹوں کے اجرا سے مالی سال کے اختتام پر ملک میں زیر گردش نوٹوں کا مجموعی حجم 53 کھرب 19 ارب روپے رہا۔