اسلام آباد(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے 2022-2023ء تک ملکی برآمدات کو 38.99 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ آئندہ مالی سال (2019-20ء) کی بجٹ دستاویزات کے مطابق برآمدات میں اضافے کیلئے برآمدی شعبے اور صنعتوں کو یوٹیلیٹیز پر مراعات کیلئے 34 ارب روپے مختص کیے ہیں تاکہ برآمدی شعبے کو بجلی اور گیس پر مراعات فراہم کی جا سکیں۔
دستاویزات کے مطابق حکومت نے آئندہ مالی سال (2019-20ء) کیلئے ملکی برآمدات کا ہدف 28.1 ارب ڈالر مقرر کیا ہے جبکہ مالی سال 2020-21ء کیلئے برآمدی ہدف 31.1 ارب ڈالر اور 2021-22ء کے دوران قومی برآمدات کو 34.67 ارب ڈالر تک توسیع دی جائیگی، اسی طرح پی ٹی آئی حکومت کے پانچویں اور آخری مالی سال 2022-23ء کے دوران ملکی برآمدات کا ہدف 38.99 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔بجٹ دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال (2019-20ء) کیلئے وفاقی حکومت نے برآمد کنند گان اور صنعتوں کیلئے مجموعی طور پر 74 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا ہے جس میں سی40 ارب روپے ڈیوٹی ڈرا بیک اور ایکسپورٹ پیکج برائے سٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک (ایسی ٹی پی ایف) کیلئے جبکہ برآمدی شعبے اور صنعتوں کو سستے نرخوں پر بجلی اور گیس کی فراہمی کی مد میں 35 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ پیداواری اخراجات میں کمی کے ذریعے ملکی برآمدکنند گان کو عالمی منڈیوں میں دیگر برآمد کنندگان سے بہتر مقابلے کے قابل بنایا جا سکے۔