لاہور( این این آئی)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ سولو فلائٹ پالیسیاں کسی طرح بھی معیشت کیلئے سود مند نہیں ،برآمدی انڈسٹری کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی بجائے آسانیاں پیدا کی جائیں،حکومت اور ایسوسی ایشنز کے درمیان روابط کیلئے فوکل پرسنز ہونے چاہئیں ،آئندہ بجٹ میں ایسے فیصلے نہ کئے جائیں جومعیشت کے پھلنے پھولنے کی بجائے مزید سکڑ نے کا باعث بنیں ۔
ان خیالات کا اظہارایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین رہنما اعجاز الرحمان ، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان، اکبر ملک اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ۔ رہنمائوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ زیر و ریٹڈختم کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے کیونکہ اس فیصلے سے پانچ انڈسٹریزبری طرح متاثر ہوں گی جس کے معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت برآمدات کو فروغ دینے کے اعلانات کرتی ہے اور دوسری جانب بغیر کسی مشاورت کے مشکلات بڑھانے کے فیصلے کر رہی ہے ۔ ایکسپورٹرز کے ریفنڈز واپس نہیں کئے جارہے جس کی وجہ سے مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے کہا کہ حکومت اور ایسوسی ایشنز کے درمیان روابط کیلئے فوکل پرسنز ہونے چاہئیں تاکہ ہماری تجاویز اور مسائل بروقت حکومتی ایوانوں تک پہنچ سکیں۔ برآمدات میں اضافے کیلئے نہ صرف کامیاب ممالک کو سٹڈی کیا جائے بلکہ ان کے ماڈل کو بھی اپنانا چاہیے کہ وہ اپنے برآمد کنندگان کوکیا سہولیات اور مراعاعت دے ہے ہیں ۔