اسلام آباد(این این آئی)عبوری ریونیو شارٹ فال کم ہونے کی بجائے80 ارب روپے کے اضافہ کے ساتھ 425ارب روپے سے تجاوز کرگیا۔رواں مالی سال2018-19کے پہلے گیارہ ماہ(جولائی تا مئی) کے دوران ایف بی آر کا عبوری ریونیو شارٹ فال تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ ذرائع کے مطابق صرف مئی کے دوران ریونیو شارٹ فال میں 80ارب روپے کا اضافہ ہوا اور 413 ارب روپے کے ہدف کے مقابلہ
میں 333 ارب روپے کی عبوری ٹیکس وصولیاں کی گئیں۔اگلے چند روز میں وصولیوں کے حتمی اعدادوشمار موصول ہونے پر یہ وصولیاں 340 ارب روپے سے بڑھنے کی توقع ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ(جولائی تا مئی) کے دوران ایف بی آر کی جانب سے مجموعی طور پر3322 ارب روپے کی عبوری ٹیکس وصولیاں کیں جو 3751ارب روپے کے ہدف کے مقابلہ میں 429ارب روپے کم ہیں۔