لاہور(این این آئی)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین اعجاز الرحمان نے ’’ٹیکسپو ‘‘کی کامیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرز کی نمائشوں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے ، برآمدات کے فروغ کیلئے تمام متعلقہ سرکاری اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کا
ایک پیج پر ہونا نا گزیر ہے اور اس حوالے سے تشکیل پانے والی پالیسیوں پر عملدرآمد میں کوتاہی نہ برتی جائے ،امید ہے حکومت ماضی کی طرح امسال بھی کارپٹ کی عالمی نمائش کی کامیابی کیلئے اپنا بھرپور تعاون او رمعاونت فراہم کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے ایسوسی ایشن کے دفتر میں کارپٹ انڈسٹری سے وابستہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک ،ریاض احمد، سعید خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اعجاز الرحمان نے کہا کہ غیر ملکی خریداروں او رمندوبین کی کارپٹ کی نمائش میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور اس کیلئے ہوم ورک شروع کر دیا گیا ہے ۔گزشتہ سال منعقدہ نمائش میں سامنے آنے والی کمی کوتاہیوں کودور کیا جائے گا تاکہ نمائش سے سو فیصد نتائج حاصل کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنا ہے تو اس کیلئے برآمدات میں اضافہ نا گزیر ہے ، حکومت متعلقہ اداروں کو پابند بنائے کہ اس حوالے سے بننے والی پالیسیوں پر عملدرآمد میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے ۔ برآمدات میں کمی کی وجوہات تلاش کی جائیں اور مستقبل میں اس کی روک تھام کیلئے موثر پالیسی تشکیل دینے کیلئے متعلقہ سرکاری اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر لایا جائے ۔ انہوں نے شرکاء سے کہا کہ وہ امسال منعقد ہونے والی کارپٹ کی 37ویں عالمی نمائش کی کامیابی کیلئے اپنی تجاویز سے آگاہ کریں اور نمائش کیلئے جدید ڈیزائن کے حامل کارپٹ کی تیاری پر توجہ مرکوز کی جائے جس کے ذریعے غیر ملکی خریداروں کو راغب کیا جا سکے ۔ جلد حکومت سے بھی رابطہ کیا جائے گااور ہمیں امید ہے کہ ماضی کی امسال بھی ہمیں بھرپور تعاون اور معاونت میسر آئے گی جس کے انڈسٹری پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔