ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی اسٹاک مارکیٹ تداول میں گذشتہ چار سال کے بعد پہلی مرتبہ کاروبار میں ریکارڈ تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور وہ جولائی 2015ء کے بعد پہلی مرتبہ 9 ہزار پوائنٹس کو عبور کرگئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر پانچ منٹ پر تداول کا انڈیکس 9055 پوائنٹس تک پہنچ چکا تھا اور الراجحی بنک کے حصص کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔اس بنک کے حصص کی قیمت میں 2.92 فی صد اضافہ ہوا ہے۔سعودی اسٹاک مارکیٹ مارچ میں خطے میں
کارکردگی کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر رہی تھی۔کویت کی پریمئیر مارکیٹ پہلے نمبر پر تھی۔تداول میں کاروبار کی بہتری میں بنک کاری ( مالیاتی خدمات) کے شعبے نے نمایاں کردار ادا کیا ہے اور بنکوں کے حصص کی قیمتوں میں دوسرے کاروباری شعبوں کے مقابلے میں زیادہ اضافہ ہوا ہے۔مارچ میں الراجحی ، نیشنل کمرشل بنک اور سامبا بنک کے حصص میں بالترتیب 7.97 فی صد ، 5.57 فی صد اور 6.72 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ تداول میں بہتری کا یہ رجحان مئی کے اوائل تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔